ٹرین سے گرنے والی خاتون کی کانسٹیبل نے جان بچائی

   

ورنگل /11 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین سے اترنے کے دوران گرنے والی خاتون کی ریلوے پروٹیکشن فورس کی خاتون کانسٹیبل نے جان بچائی ۔ یہ واقعہ ورنگل ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق منوگورو سے سکندرآباد جانے والی منوگورو ایکسپریس ٹرین ورنگل ریلوے اسٹیشن پر پہونچی ۔ اس دوران ایک خاتون مسافر ٹرین سے نیچے اترنے کے دوران پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان گر پڑی ۔ وہاں ڈیوٹی پر متعین آر پی ایف کانسٹیبل سونالی ملکھے نے فوراً ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس خاتون کو اوپر کھینچ کر اس کی جان بچائی ۔ وہاں موجود مسافروں نے سونالی کی تعریف کی ۔ آر پی ایف حکام نے سونالی کو مبارکباد پیش کی ۔ جنہوںنے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خاتون کی جان بچائی۔ خاتون ملازم پولیس کی اس دلیرانہ کارروائی کا منظر سیسی ٹی وی فوٹیج میں قید ہوگیا اور وہ سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائر ہو رہا ہے ۔