ٹسٹ کرکٹ کیلئے صبر اصل کلید : سرفراز خان

   

وشاکھاپٹنم۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر سرفراز خان کا ماننا ہے کہ پانچ دن کا ٹسٹ میچ کھیلنے کے لیے صبر اور ہر روز مشق کرنے کی ضرورت ہے، یہی ایک وجہ ہے کہ وہ پورے دن کھیل سکتے ہیں۔ رویندرا جڈیجہ اور کے ایل راہول کے زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کے بعد جمعہ کو یہاں شروع ہونے والے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ سے باہر ہونے کے بعد سرفراز ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ ممبئی کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کے گزشتہ تین سیزن میں شاندار رنز بنانے والے سرفراز نے160گیندوں پر 161 رنز کی شاندار اننگزکھیل کر احمد آباد میں دوسرے چار روزہ میچ میں انڈیا اے کی انگلینڈ لائنزکو اننگز اور 16 رنز سے شکست میں کلیدی رول ادا کیا اور اس کے ساتھ ہی ان کی فرسٹ کلاس کی اوسط 69.85 ہوگئی ہے۔ سرفراز نے مزید کہا ہے ک میری طاقت یہ ہے کہ میں آسانی سے مطمئن نہیں ہوتا۔ میں روزانہ 500-600 گیندیں کھیلتا ہوں۔ اگر میں ایک میچ میں کم ازکم 200-300 گیندیں نہیں کھیلتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میں نے زیادہ نہیں کھیلا ہے۔ اب یہ ایک عادت بن چکی ہے۔ صبح، دوپہر اور شام میں مشق کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں صرف ایک چیزکا عادی ہوں، بیٹنگ اور رنز بنانے کا۔ اگرآپ پانچ روزہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو آپ کو صبر سے رہنا ہوگا اور ہر روز پریکٹس کرنی ہوگی۔ میں سارا دن کرکٹ کھیلتا ہوں اور اسی وجہ سے میں پچ پر دیرتک رہ سکتا ہوں۔