ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک غیرمعمولی اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 20 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) روزمرہ استعمال ہونے والی اہم ترکاریوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اور غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے ۔ چند دن قبل تک فی کیلوٹماٹر کی قیمت 20 سے 30 روپئے کے درمیان تھی ۔ وہ اب ہول سیل مارکٹ میں 60 سے 70 روپئے فی کیلو تک پہونچ گئی ہے ۔ حالیہ موسلادھار بارش سے ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ طلب کے مطابق ٹماٹر مارکیٹ کو نہیں پہونچ رہاہے جس کی وجہ سے یہ بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ سپلائی متاثر ہونے کے سبب مارکیٹ میں ٹماٹر کی قلت بڑھ گئی ہے جس کے نتیجہ میں قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ گھریلو خواتین اور صارفین اس اچانک مہنگائی سے سخت پریشان ہیں اور روزمرہ کے بجٹ پر اس کا براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔ دوکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں ۔ مارکٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر ریاستوں سے تلنگانہ کو پہونچنے والے ٹماٹر میں رکاوٹیں پیدا ہوگئی جو قیمتوں میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ بتائی جارہی ہے ۔
فی الحال مارکیٹ میں ماضی کے مقابلے میں نصف ٹماٹر بھی نہیں پہونچ رہا ہے ۔ اگر مسلسل بارش اور سپلائی میں رکاوٹ برقرار رہی تو قیمتوں میں مزید اضافہ کے امکانات پائے جاتے ہیں ۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے وجئے واڑہ اور وشاکھاپٹنم جیسے شہروں میں بھی فی کیلو ٹماٹر 50 سے 60 روپئے کے درمیان فروخت ہورہا ہے ۔ دیگر اضلاع میں 35 سے 45 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ 2