احمدآباد: ہندوستانی تیزگیندباز اوریارکر اسپیشلسٹ ٹی نٹراجن انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی موجودہ ٹی20 سیریز کے درمیان ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ فٹنس ٹسٹ پاس کرنے کے بعد انہیں جمعرات کو ٹیم میں شامل کیا گیا، اور آج فیصلہ کن T20 میں وہ میچ کا حصہ بن گئے ہیں۔ اس طرح رواں سیریز کے بعد انگلینڈ کے خلاف 23 مارچ کو شروع ہونے والی تین میچوں کی ونڈے سیریز میں نٹراجن کا فائنل الیون میں شامل ہونا یقینی ہے ۔ بنگلورو میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) میں طویل عرصے کے رہیبلٹیشن کے بعد کندھے کی چوٹ سے نجات پاچکے بائیں ہاتھ کے پیس بولر نٹراجن نے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے تعلق سے خوشی ظاہرکی ہے ۔ نٹراجن نے جمعہ کو ٹویٹ میں بلو جرسی میں خود کی ایک تصویرشیئرکرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرکے بے حد پرجوش ہوں۔ ہمیشہ ایساکام منتخب کریں جس سے ہم پیارکرتے ہیں اور ہمیں زندگی میں ایک بھی دن مایوس ہونا نہیں پڑے گا۔29 سالہ نٹراجن کا گزشتہ سال متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں منعقدہ آئی پی ایل بھی شاندار رہا تھا، جس میں انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 وکٹ لئے اور اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے ایلمنیٹر میں پہنچایا تھا۔ آئی پی ایل کے اسی سیزن میں انہیں ’’یارکراسپیشلسٹ‘‘ کا خطاب ملا۔ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں آسٹریلیا ٹور کے لئے بھی شامل کیا گیا ، جہاں انہوں نے تینوں فارمٹ (ونڈے ، ٹی20، ٹسٹ) میں ڈیبیو کیا اور اپنی تیزگیندبازی سے سب کو متاثرکیا۔ ٹاملناڈو کے سیلم کی پیدائش والے نٹراجن آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب کیلئے بھی کھیل چکے ہیں۔ تاہم، گزشتہ ایک سال کے دوران وہ اپنی عمدہ کارکردگی بالخصوص خطرناک یارکرز کے سبب بولنگ کی دنیا میں مشہور ہوئے ہیں۔ انڈیا میں یارکرز ڈالنے والے بہت کم ہیں۔