حیدرآباد 22 مئی (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اس بات کا اعادہ کیاکہ تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یلجیبلٹی ٹسٹ (TSTET) قبل ازیں اعلان کئے گئے شیڈول کے مطابق 12 جون کو منعقد کیا جائے گا اور اس کی تاریخ پر نظرثانی کرنے کا سوال ہی نہیں ہے۔ وزیر آئی ٹی اینڈ انڈسٹریز کے ٹی راما راؤ کی جانب سے روانہ کئے گئے، ایک ٹوئٹ کے جواب میں، جنھیں ایک امیدوار سے یہ ٹوئٹ وصول ہوا جس میں ٹیٹ امتحان کو ملتوی کرنے پر زور دیا گیا کیوں کہ ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) کی جانب سے اسی تاریخ کو اس کا ایک رکروٹمنٹ امتحان منعقد کیا جارہا ہے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ ٹیچرس کے اہلیتی امتحان کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں اور اب اس موڑ پر اسے ملتوی کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس کے لئے 12 جون کی تاریخ کو دیگر کئی امتحانات کے شیڈول کو ملحوظ رکھنے اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد قطعیت دی گئی ہے۔ اب ٹیٹ شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔