ٹیچرس ایم ایل سی نشست کے لیے 25 ہزار سے زائد رائے دہندوں کی درخواستیں

   

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ محبوب نگر، رنگاریڈی، حیدرآباد اضلاع پر مشتمل ٹیچرس ایم ایل سی حلقہ کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام جاری ہے۔ تاحال 25337 درخواستیں موصول ہوئیں تاکہ انہیں فہرست رائے دہندگان میں شامل کیا جائے۔ ان درخواستوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وکاس راج نے کہا کہ 23 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس جو آر ڈی او رتبہ کے ہیں وہ ایم آر اوز کو فیلڈ آفیسرس کے طور پر نامزد کریں گے جو درخواستوں کی جانچ کریں گے۔ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس نے تمام درخواست گذاروں کے اسنادات کی توثیق کی ہے یا نہیں۔ جانچ کردہ درخواستیں اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسرس کو روانہ کی جائیں گی جو الیکٹورل آفیسر کے پاس بھیجیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ درخواستوں کی جانچ میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔ کسی بھی فرضی یا غلط ڈیکلریشن کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وکاس راج نے درخواست گذاروں سے اپیل کی کہ وہ مناسب ڈیکلریشن اور دستاویزات کے ساتھ درخواستیں داخل کریں۔ر