ٹیکم گڑھ میں معذوروں کے آلات بنانے کا یونٹ قائم

   

نئی دہلی: آرٹیفیشیئل لمبس مینوفیکچرنگ کارپوریشن آف انڈیا (ALMCO) مدھیہ پردیش کے ٹیکم گڑھ میں معذوروں کے معاون آلات کی تیاری کے لیے ایک نئی اکائی قائم کر رہا ہے ، جس سے بندیل کھنڈ خطے کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔مرکزی وزیر براغے سماجی انصاف و تفویض اختیارات ڈاکٹر وریندر کمار نے حال ہی میں بھومی پوجن کیا اور ٹیکم گڑھ کے گاؤں پہاڑی خورد میں کارپوریشن کی نئے ذیلی پیداواری یونٹ کی تعمیر کے لیے پتھر کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر ٹیکم گڑھ کے ایم ایل اے راکیش گری گوسوامی، معذوروں کے محکمکہ تفویض اختیار کے جوائنٹ سکریٹری راجیش یادو اور ALMCO کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر پروین کمار موجود تھے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ بندیل کھنڈ خطہ کے معذور افراد کے لیے ALMCO کی یونٹ کی ضرورت محسوس کی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں، وزارت نے مدھیہ پردیش حکومت سے ضلع ٹیکم گڑھ میں زمین کی الاٹمنٹ کے لیے تعاون طلب کیا اور ریاستی حکومت نے پہاڑی خورد گاؤں میں زمین فراہم کی۔کارپوریشن کے جنرل منیجر وویک دویدی نے کہا کہ فی الحال کارپوریشن اپنے پانچ معاون پیداواری مراکز کے ذریعے ملک بھر میں معذور افراد کے لیے معاون آلات تیار کر رہا ہے ۔ آلات کی پیداوار اور تقسیم جلد ہی ٹیکم گڑھ میں نئے مینوفیکچرنگ سینٹر سے شروع ہوگی۔