ٹیکہ نہ لینے والے افراد اومی کرون سے زیادہ متاثر: گورنر

   

دونوں خوراک حاصل کرنے عوام سے اپیل، چنتل بستی میں پرائمری ہیلت سنٹر کا دورہ

حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ایسے افراد سے جنہوں نے ابھی تک کورونا ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لی ہے اپیل کی کہ وہ مقررہ وقت پر اپنی دوسری خوراک حاصل کرتے ہوئے خود کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔ گورنر نے کہا کہ اومی کرون ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے بارے میں کئے گئے تجزیہ میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے دونوں خوراک حاصل نہیں کئے یا پھر جو ایک بھی ٹیکہ لینے میں ناکام رہے ہیں ایسے افراد کو نئے ویرینٹ کے سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ گورنر نے آج چنتل بستی علاقہ میں اربن پرائمری ہیلت سنٹر کا دورہ کیا اور ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور طبی عملے سے بات چیت کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں ویکسین کی پہلی خوراک صد فیصد مکمل ہوچکی ہے جس کے لئے ریاستی حکومت، محکمہ صحت کے عہدیدار، ڈاکٹرس، آشا ورکرس اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف قابل مبارکباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری خوراک کے معاملہ میں تلنگانہ میں 65 فیصد نشانہ مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد دوسری خوراک بھی صد فیصد مکمل کرلی جائے گی۔ گورنر نے آشا ورکرس کی بطور خاص ستائش کی جنہوں نے گھر گھر پہنچ کر ٹیکہ اندازی کا فریضہ انجام دیا۔ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے تلنگانہ کو مناسب تعداد میں ٹیکوں کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا۔ گورنر نے کہا کہ ٹیکہ کی دونوں خوراک حاصل کرنے کے باوجود ہمیں کورونا قواعد پر عمل کرنا چاہیئے تاکہ اومی کرون ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ سے بچا جاسکے۔ فرنٹ لائن ورکرس اور ضعیف افراد کو مجوزہ بوسٹر ڈوز کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہم ٹیکہ اندازی کے بوسٹر ڈوز کے سال میں داخل ہورہے ہیں جس میں بچوں کو بھی ٹیکہ دیا جائے گا۔ انہوں نے بچوں کی ٹیکہ اندازی مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ر
اداکار منچو منوج کورونا سے متاثر
حیدرآباد۔29 ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلگو فلموں کے اداکار منچو منوج کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دی اور بتایا کہ ابتدائی علامات کے بعد معائنہ میں وہ پازیٹو پائے گئے۔ گزشتہ چند دن کے دوران ان سے ملاقات کرنے والے افراد کو انہوں نے ٹسٹ کروانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مداحوں کو تشویش کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ان کی حالت مستحکم ہے۔ انہوں نے علاج کرنے والے ڈاکٹرس اور نرسیس سے اظہار تشکر کیا۔ ر