23 جون کو کانگریس میں شمولیت ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے 10 سے زائد کارپوریٹرس کانگریس سے ربط میں
حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) حکمران ٹی آر ایس پارٹی کو خیرت آباد کی نمائندگی کرنے والی ٹی آر ایس کی کارپوریٹر کانگریس کے آنجہانی قائد پی جے آر کی دختر وجیہ ریڈی نے بہت بڑا جھٹکادیا ہے۔ آج صبح انہوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور ان کی پریس کانفرنس میں بھی شریک ہوئی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے 10 سے زائد کارپوریٹرس کانگریس سے رابطہ میں ہے۔ وجیہ ریڈی ٹی آر ایس سے ناراض ہیں۔ میئر حیدرآباد کے دوڑ میں وہ شامل تھی۔ تاہم لمحہ آخر میں ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی دختر جی وجیہ لکشمی کو میئر بنادیا گیا۔ اس وقت بھی وجیہ ریڈی ناراض ہوگئی تھی اور میئر کے انتخاب سے قبل روانہ ہوگئی تھی۔ تاہم پارٹی کے قائدین نے انہیں مناتے ہوئے دوبارہ انتخابی عمل کے دوران موجود رہنے کیلئے راضی کرالیا تھا۔ اس کے بعد وہ ٹی آر ایس میں موجود تھی مگر پارٹی میں انہیں اہمیت نہ دینے پر وہ ناراض تھی۔ آج صبح وہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان کافی دیر تک بات چیت ہوئی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وجیہ ریڈی نے کہا کہ ان کے والد کانگریس لیجسلیچر پارٹی قائد کی ذمہ داری نبھائی اور آخری سانس تک وہ کانگریس میں رہے۔ وہ 23 جون کو سرکاری طور پر کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گی۔ وجیہ ریڈی نے کہا کہ ہمارا خاندان پہلے سے کانگریس میں ہے۔ میں اپنے حامیوں سے تبادلہ خیال کرچکی ہوں تمام لوگوں نے مجھے کانگریس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ وہ اپنے آنجہانی قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمات انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس میں رہ کر جوبلی ہلز اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ پر اظہارخیال نہیں کرسکی۔ اگر کانگریس میں ہوتی تو کھل کر ردعمل کا اظہار کرسکتی تھی۔ن