ٹی آر ایس، تلنگانہ عوام کی ’’ ایجنٹ ‘‘ اور’’ ترجمان ‘‘ : کے سی آر

,

   

۔16ارکان پارلیمنٹ کی طاقت سے قومی سطح پر بہترتبدیلی، نرسا پور میں انتخابی جلسہ سے خطاب
سنگاریڈی۔/3 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر اور ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھرراؤ نے آج شام حلقہ پارلیمنٹ ظہیرآباد ٹی آر ایس امیدوار بی بی پاٹل کے انتخابی جلسہ عام کو الہ درگ چوراہا نزد جوگی پیٹ اور حلقہ پارلیمنٹ میدک ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے انتخابی جلسہ عام کو نرسا پور میں مخاطب کیا۔ انہوں نے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بہتر حکمرانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ۔ پارلیمنٹ میں بی جے پی حکومت کو بھر پور اکثریت حاصل ہونے کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی عوام کے مسائل کی یکسوئی، فلاحی اسکیمات کی عمل آوری اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ناکام رہے ، ملک آزاد ہوکر 73 سال کا عرصہ گذر گیا لیکن عوام کو آج بھی روٹی ، کپڑا، مکان، بجلی اور پانی جیسے بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں ۔ ملک کے درج فہرست قبائیل، مسلمان اور پسماندہ طبقات میں احساس ناانصافی اور مایوسی ہے۔ ملک کی آزادی کے بعد سے اب تک یعنی گزشتہ 73 سال میں مرکز میں کانگریس اور بی جے پی کی حکومتیں رہی ہیں۔ یہی لوگوں نے دیش کو چلانے کا کام کیا ہے لیکن حیرت اس بات پر ہورہی ہے کہ صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی الزام عائد کررہے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی چوکیدار چور ہے جبکہ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ کانگریس بڑی چور ہے ۔ ایک دوسرے پر تنقید کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے ٹی آر ایس پر عائد کردہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی نہ کانگریس کی حمایتی ہے اور نہ ہی بی جے پی کی حلیف ہے ، ٹی آر ایس پارٹی کی کسی بھی جماعت کے ساتھ اندرونی مفاہمت نہیں ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ عوام کی ایجنٹ اور ترجمان ہے۔ تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبود ، خوشحالی اور ترقی ٹی آر ایس پارٹی کا ایجنڈہ ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریاست تلنگانہ سے 16 ایم پیز بشمول بی بی پاٹل و پربھاکر ریڈی کو کامیاب بنائیں ، 16 ایم پیز کی طاقت کے ذریعہ ملک میں بہتر تبدیلی لانے اورعوامی منشور کی عمل آوری کی سمت کوشش کریں گے۔ حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک بھر میں مثالی ہیں۔ 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے والی ملک کی واحد ریاست تلنگانہ ہے ۔ جلسہ کو وزیر داخلہ محمد محمود علی، کرانتی کرن رکن اسمبلی اندول اور بی بی پاٹل ٹی آر ایس امیدوار حلقہ پارلیمان ظہیرآباد نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کے کیشو راؤ رکن راجیہ سبھا، محمد فرید الدین ایم ایل سی، پرشانت ریڈی ریاستی وزیر، مانک راؤ ، بھوپال ریڈی اراکین اسمبلی موجود تھے۔