ٹی آر ایس کامیابی پر نہ اتراتی اور نہ شکست پر مایوس ہوتی

,

   

دوباک کا نتیجہ توقع کے برعکس مگر ہمیں الرٹ کرنے کیلئے کافی ہے: کے ٹی آر

حیدرآباد: ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار کی شکست پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کبھی کامیابی پر اتراتی نہیں اور نہ ہی کبھی شکست پر مایوس ہوتی ہے ۔ ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی اور شکست ٹی آر ایس کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کے قیام سے اب تک ٹی آر ایس نے ایسے کئی دور دیکھے ہیں کبھی کامیابی پر اترایا نہیں گیا اور نہ ہی شکست سے مایوس ہوئے ۔ تاہم دوباک کا نتیجہ ہماری توقعات کے برعکس ہے ۔ پھر بھی عوام کا فیصلہ ہمیں قبول ہے اور ہم پارٹی کی شکست کا جائزہ لیں گے ۔ دوباک کے ضمنی چناؤ میں 60 ہزار سے زائد رائے دہندوں نے حکمراں ٹی آر ایس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جن کا وہ دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار ایس سجاتا کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کرنے والے ریاستی وزیر ہریش راؤ کے بشمول ارکان اسمبلی اور عوامی منتخب نمائندوں سے کے ٹی آر نے اظہار تشکر کیا ۔ ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ انتخابات میں مقابلہ کرنے والی ہر سیاسی جماعت کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔ ٹی آر ایس نے گزشتہ 6 سال کے دوران کئی کامیابیاں درج کی ہیں ، اس مرتبہ نتیجہ توقع کے مطابق نہیں رہا مگر یہ نتیجہ ہمیں الرٹ کرنے کیلئے کافی ہے ۔ شکست کا جائزہ لیا جائے گا اور عوام سے مزید قریب ہونے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ فلاحی اسکیمات کو جاری رکھا جائے گا۔