ٹی آر ایس کی حکمرانی کانگریس حکومتوں سے بہتر

,

   

مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کیلئے ایک اور قرارداد کی منظوری ممکن: کے سی آر

حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے عوام کا کہنا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت ماضی کی کئی دہائیوں کی کانگریس حکومت سے کہیں زیادہ بہتر ہے اور ریاستی حکومت کو بھی اپنی عوام پر پورا بھروسہ ہے ۔ چیف منسٹر اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ ریاست کے عوام نے گزشتہ انتخابات میں ان کی پارٹی کا ساتھ دیا تھا ۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ملو بھٹی وکرمارکا کے ان ریمارکس پر کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کو کامیابی ہوگی۔ کے سی آر نے جواب دیا کہ حضور نگر کے عوام بہت جلد اپنا فیصلہ دیں گے جس سے انہیں پتہ چل جائے گا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔ کے سی آر نے واضح کیا کہ ٹی آر ایس قربانیوں اور جرات مندانہ اقدامات کی بنیاد پر وجود میں آئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے قرض حاصل کئے گئے ہیں اور ریاست کے قرضوں کے بارے میں ساری دنیا جانتی ہے۔ نیز حقائق کو چھپانے کی کوئی وجہ یا ضرورت نہیں ہے ۔ ریاستی وقف بورڈ کے امور کے بارے میں کے سی آر نے کہا کہ تمام مسائل بہت جلد حل کئے جائیں گے اور اس ادارہ کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے ایوان اسمبلی میں پہلے بھی قرارداد منظور کی جاچکی ہے اور اس مسئلہ پر مزید ایک قرارداد کی منظوری سے وہ پس و پیش نہیں کر یں گے ۔ میٹرو ریل کے بارے میں کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ اس ریلوے لائین کو پرانے شہر تک وسعت دینے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔