ٹی آر ایس کی فلاحی اسکیمات ملک میں مثالی

   


بچکنڈہ منڈل میں ترقیاتی پروگرام سے رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے کا خطاب

بچکنڈہ۔ بچکنڈہ منڈل کے موضع سیتا رام پلی میں جدید گرام پنچایت کا افتتاح ٹی آر ایس رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے کیا۔ اس پروگرام میں ایم پی پی ایشور، زیڈ پی ٹی سی بھارتی، راجو ،سائی رام منڈل صدر وینکٹ راؤ دیشائی ، مقامی سرپنچ گنگاریڈی اور دیگر نے شرکت کی۔ رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے جو ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں اس کی مثال دوسری ریاستوں میں نہیں مل سکتی۔ رکن اسمبلی نے آسرا وظائف، کلیانہ لکشمی، رعیتو بندھو، کے سی آر کٹس ، ڈبل بیڈ روم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال میں کانگریس حکومت نے کچھ نہیں کیا جو ٹی آر ایس حکومت نے 7 سال کے عرصہ میں ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ سیتا رام پلی میں 20 لاکھ کی لاگت سے جدید گرام پنچایت کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ دریں اثناء مستقر بچکنڈہ ایم پی پی آفس میں آشا ورکرس اور ایتما میں ساڑیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر حلقہ جکل ٹی آر ایس رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے خطاب کرتے ہوئے آشا ورکرس کی خدمات کی ستائش کی اور تمام منڈل اور مواضعات کے تمام آشا ورکرس میں ساڑیوں کی تقسیم کی گئی ہے۔ اس موقع پر اشوک پٹیل، این ایم بالراج، دیشائی کوآپشن ممبر جاوید صدیقی، ایم پی ڈی او اور ایم آر او کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔