ٹی بیگ والی چائے پینے سے پہلے ایک بار پھر سوچ لیں

   

ریاض: انسان چونکہ آسانیاں ڈھونڈنے کا عادی ہے اس لئے اس نے چائے بنانے کا فوری حل بھی تلاش کرلیا ، شاید اسی وجہ سے بات آگ لکڑیوں سے گیس کے چولھے اور پھر الکٹرک کیتلی تک آگئی ہے ۔ پہلے دودھ مائع سے خشک تک پہنچا اور دیکھتے ہی دیکھتے چائے کی پتی کو بھی ایک مخصوص کاغذ کے تھیلے میں بند کردیا گیا ۔ جسے ابلتے ہوئے پانی میں ڈبوکر چند سیکنڈز میں چائے تیار کی جاسکتی ہے ۔ ٹی بیگ اب اس قدر مشہور ہوچکے ہیں کہ لوگ اس بات کو بھولتے ہی جارہے ہیں کہ کبھی پتی ڈبوں میں بھی دستیاب ہوا کرتی تھی ۔ ایسی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں ٹی بیگ

(Tea Bag)

کے صحت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بات کی گئی ہے ۔ الرجل نے جرمن سائنسدانوں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں محفوظ سمجھ کر استعمال ہونے والے کالی چائے کے ٹی بیگز محفوظ نہیں ہیں ۔ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ ان میں ایسا مواد شامل ہے جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔رپورٹ کے مطابق جس کا غذ سے ٹی بیگ بنایا جاتاہے اس میں انسانی صحت کیلئے مضر مادے پائے جاتے ہیں اور بعض صورتوں میں کینسر کا باعث بھی بن سکتے ہیں ۔ سائنس ڈیلی کے مطابق جرمن محققین نے اپنی تحقیق کیلئے چھ کمپنیوں کے ٹی بیگز کو مختلف طریقہ سے جانچا جن میں تین مہنگی اور تین ٹی بیگ سستی کمپنی کے تھے ۔تے بات سامنے آئی کہ ان میں چار ایسے اجزا شامل تھے جو کیڑے مار ادویات میں شامل ہوتے ہیں۔