ٹی سیریز نے پاکستانی سنگر عاطف اسلم کا کیا بائیکاٹ

   

حال ہی میں جموں کشمیر کے پلوامہ میں سی ار پی ایف کے جوانوں پر ہوئے حملہ کے بعد عام ہندوستانی غصہ میں نظر آرہے ہیں وہیں بالی ووڈ کے سلیبرٹیز بھی کم غصہ میں نہیں ہیں۔ اسی کے چلتے میوزک کمپنی ٹی سیریز نے ایک سخت قدم اٹھا کر نئی شروعات کردی ہے۔ ٹی سیریز نے اس پورے واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سخت فیصلہ لینے کا قدم اٹھایا ہے۔ میوزک کمپنی ٹی سیریز نے حملہ کے بعد پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے گیت کو اپنے یوٹیوب پیج سے ہٹا دیا ہے۔ میوزک کمپنی ٹی سیریز نے ابھی تک اس کا اعلان نہیں کیا ہے،
لیکن عاطف اسلم کا گایا ہوا گانا ان لسٹ ٹیگ کے ساتھ یوٹیوب پر دکھائی دے رہا ہے۔ اس گانے کو حال ہی میں ویلنٹن ڈے سے دو دن پہلے 12 فروری کو ہی ریلیز کیا گیا تھا۔ آپ کو بتادیں کہ 12 فروری کو یہ گیت ’’بارشوں‘‘ ریلیز کیا گیا تھا، لیکن ’’پلوامہ‘‘ میں جوانوں پر ہوئے حملہ کے بعد میوزک کمپنی ٹی سیریز نے اس کو ہٹا دینے کا کڑا قدم اٹھا کر ایک نئی شروعات کی ہے۔ کسی بھی ویڈیو کو یوٹیوب سے ان لسٹ کرنے کے بعد اسے سرچ کرکے نہیں ڈھونڈا جاسکتا بلکہ اس گیت کے دیکھنے کے لئے یوٹیوب چینل پر جاکر دیکھنا ہوگا، یا پھر یوزر کے پاس اس کی سیدھی لنک ہونا ضروری ہوگا۔ اس طرح واضح ہے کہ اب عام لوگوں کے سامنے یہ گیت آنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ واضخ رہے کہ پاکستانی سنگر عاطف اسلم کے میوزک ویڈیو میں بالی ووڈ ایکٹریس نصرت بھی دکھائی دیں تھیں۔ گانا ریلیز ہونے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوگیا تھا۔ گانے کے ویڈیو کو ان لسٹ کرنے کے بعد کوئی ٹی سیریز کی تعریف کررہا ہے تو کوئی اسے غلط کہہ رہا ہے، لیکن اس قدم کے بعد سے ہی ملک بھر میں پاکستانی فنکاروں پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ بھی شروع ہوا ہے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ پلوامہ حملہ کے بعد ٹی سیریز کے مالک بھوشن کمار نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات ظاہر کئے تھے۔