لندن: ٹسٹ کرکٹ میں ایک اور نیا ریکارڈ بن گیا۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے ٹسٹ کرکٹ کا مہنگا ترین اوور پھینکا۔ برمنگھم میں جاری ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میں براڈ نے ایک اوور میں 35 رنز دے ڈالے۔ براڈ نے 6 رنز ایکسٹرا کے دیئے جبکہ 29 رنز ہندوستانی فاسٹ بولر و کپتان جسپریت بومرا نے بٹورے۔ بومرا نے 2 چھکے، 4 چوکے لگائے اور ایک سنگل لیا، ایک چھکا نو بال پر اسکور ہوا، جبکہ براڈ نے وائیڈ بال پر 5 رنز بھی دیئے۔ بومرا نے بطور بیاٹر ایک اوور میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی بنادیا۔ اس سے قبل برائن لارا، جارج بیلی اور کیشو مہاراج نے ایک اوور میں 28,28 رنز بنائے تھے۔ براڈ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی مہنگاترین اوور ڈال چکے ہیں۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007ء میں ہندوستان کے خلاف میچ میں یوراج سنگھ نے براڈ کو ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگا کر 36 رنز بٹورے تھے۔ اس کے بعد مارچ 2021 میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کے کیرن پولارڈ نے سری لنکا کے اکِیلا دھننجیا کے خلاف 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے اور یہ مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز والا اوور بن گیا۔