پارلیمانی حلقہ بنگلور سنٹرل سے کانگریسی امیدوار منصور علی خاں کی کامیابی کے امکانات

   

تین میعادوں سے کامیاب بی جے پی کے پی سی موہن سے عوام اور پارٹی کارکن ناراض ، 26 اپریل کو رائے دہی

بنگلور۔23۔ اپریل ( سیاست نیوز ) ہندوستان کی باوقار پارلیمانی حلقوں میں کرناٹک کا بنگلور سنٹرل پارلیمانی حلقہ بھی شامل ہیں جہاں سے اس مرتبہ تین میعادوں سے منتخب ہوتے آرہے بی جے پی کے پی سی موہن کو کانگریس کے منصور علی خاں سے زبردست چیلنج کا سامنا ہے ۔ منصور علی خاں کانگریس کے ایک حرکیاتی قائد ہیں ان کا شمار ملک کے ممتاز ماہرین تعلیم میں ہوتا ہے ۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے کانگریس قیادت نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مقرر کیا تھا وہ سابق مرکزی وزیر اقلیتی امور و سابق نائب صدرنشین راجیہ سبھا رحمن خان کے فرزند ہیں اور کے کے ایجوکیشنل اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کے سکریٹری بھی ہیں جس کے تحت ملک بھر میں دہلی پبلک اسکول چلائے جاتے ہیں ۔ سنٹرل بنگلور پارلیمانی حلقہ کے 8ا سمبلی حلقوں میں سے چار پر کانگریس کا قبضہ ہے اور اس حلقہ میں پانی کی شدید قلت ، ناقص ٹرانسپورٹ سسٹم اور بنیادی سہولتوں کے فقدان کے ساتھ ساتھ ٹریفک مسائل پائے جاتے ہیں ۔ پی سی موہن وزیراعظم نریندر مودی کی گیارنٹیوں پر بھروسہ کئے ہوئے ہیں وہ مسلسل 2009 سے کامیاب ہوتے آرہے ہیں ان پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ انہوں نے بنگلور سنٹرل حلقہ کیلئے کوئی کام نہیں کیا عوام کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ان حالات میں منصور علی خاں کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ واضح رہے کہ بنگلور سنٹرل پارلیمانی حلقہ میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 2398910 جس میں 17 فیصد مسلمان ، 5 فیصد عیسائی ، 16 فیصد ایس سی شامل ہیں ۔ برہمن اور دوسرے کی آبادی 12 فیصد بتائی جاتی ہے ۔ منصور علی خاں فرقہ پرستی کا مقابلہ ترقی اور اتحاد کے نعرہ کے ذریعہ کررہے ہیں ان کیلئے اچھی بات یہ ہیکہ پی سی موہن کی مخالفت خود بی جے پی قائدین اور کارکن کرنے لگے ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ 2019 کے عام انتخابات میں بی جے پی کے پی سی موہن نے کانگریس کے رضوان ارشد کو ہرایا تھا موہن نے 50.35% اور رضوان ارشد نے 44.43 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے ۔ بہرحال منصور علی خاں کیلئے جیتنے کا یہ زرین موقع ہے ۔ ضمیر احمد خاں ، رضوان راشد اور مہرور خان جیسے قائدین ان کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔