پارلیمنٹ کے باہر راہول گاندھی کے ساتھ ٹی آر ایس ارکان کا احتجاجی دھرنا

,

   

پہلی مرتبہ کانگریس سے قربت ، دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی

حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکز کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف پارلیمنٹ اور اس کے باہر اپوزیشن کے احتجاج میں ٹی آر ایس ارکان شامل ہوئے۔ پارلیمنٹ سیشن کے آج دوسرے دن بھی ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد احاطہ پارلیمنٹ میں موجود مجسمہ گاندھی کے قریب اپوزیشن ارکان نے مظاہرہ کیا۔ احتجاج کی خاص بات یہ رہی کہ کانگریس کے قائد راہول گاندھی کے ساتھ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ احتجاج میں شریک ہوئے۔ ان کے ہمراہ لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے قائد ناما ناگیشور راؤ اور دیگر ارکان موجود تھے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ٹی آر ایس کے ارکان نے راہول گاندھی کے ساتھ کھڑے ہوکر احتجاج میں حصہ لیا۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ادھیر رنجن چودھری احتجاج میں شامل ہوئے۔ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان بھی مہنگائی کے خلاف اور حال ہی میں اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے۔ خاتون ارکان نے پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پلے کارڈز تیار کئے تھے۔ جی ایس ٹی کے نتیجہ میں جن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے انہیں رکھا گیا تھا جن میں دودھ اور دیگر غذائی اشیاء شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف محاذ آرائی کے بعد سے ٹی آر ایس اپوزیشن کے احتجاج میں شامل ہورہی ہے۔ صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے اپوزیشن امیدوار یشونت سنہا کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر راہول گاندھی کے ساتھ کے ٹی آر شریک تھے لیکن دونوں کی ملاقات نہیں ہوئی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے حکومت کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کیا ہے اور کل پہلے دن بھی راہول گاندھی کی قیادت میں احتجاج کیا گیا لیکن ٹی آر ایس ارکان نے علحدہ احتجاج منظم کیا لیکن آج راہول گاندھی کے ساتھ ڈاکٹر کیشو راؤ اور دیگر ارکان کے شامل ہونے سے سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔ر