پانڈیا جمخانہ کی اعزازی رکنیت سے محروم

   

ممبئی۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ٹی وی شو ’’کافی وتھ کرن‘‘ میں اپنے متنازعہ بیان کی وجہ سے پہلے ہی آسٹریلیائی دورہ سے محروم ہوچکے ہیں، اب ان کیلئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ یہاں جمخانہ نے ان کی اعزازی رکنیت کو ختم کردیا ہے۔ پانڈیا کے ساتھ کے ایل راہول بھی بی سی سی آئی کی جانب سے تادیبی کارروائی کا سامنا کررہے ہیں۔ ہاردک پانڈیا کو جمخانہ کی جانب سے اکتوبر 2018ء میں 3 سالہ اعزازی رکنیت دی گئی تھی، لیکن کلب کی انتظامیہ کمیٹی نے اب فیصلہ کیا ہے کہ پانڈیا کی یہ اعزازی رکنیت ختم کردی جائے۔ جمخانہ کے جنرل سیکریٹری گورو کمپاڈیہ نے میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے یہ اعزازی رکنیت کھلاڑیوں کو کلب کی جانب سے دی جاتی ہے ۔ کلب کے ایک اور عہدیدار نے کہا کہ کمیٹی نے آل راؤنڈر کے بیان کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے جمخانہ ممبئی کے معروف کلبس میں شمار کیا جاتا ہے۔ بی سی سی آئی عہدیداروں نے کہاہے کہ معطل کرکٹرس نے پہلے ہی اپنے بیان پر معافی مانگی ہے لیکن ان پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ علاوہ ازیںکرکٹرز ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول نے خواتین کے خلاف نازیبا ریمارکس پر غیر مشروط معافی جمع کردادی ہے۔ کمیٹی آف ایکشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ دونوں کرکٹر کی اصلاح کرے، اْن کا کیریئر ختم نہ کرے۔دوسری جانب دونوں کرکٹرز کی معافی کے باوجود کرکٹ بورڈ کے یونٹس نے خصوصی جنرل اجلاس کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تحقیقات کے لئے محتسب کا تقرر کیا جاسکے۔کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہاردک پانڈیا اور راہول نے تازہ شوکاز نوٹس پر اپنے جوابات جمع کرادیے ہیں اور غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ونود رائے نے سی ای او کو ہدایت کی ہے کہ بی سی سی آئی کے نئے آئین کے تحت معاملے کی تحقیقات کی جائے۔