پانی ضائع ہونے سے بچانے اسمارٹ میٹرنصب کرنے کا فیصلہ

   

واٹر ٹینکرس کو گنجائش کے حساب سے بھرنے، بکنگ اور دیگر ضروریات کیلئے ایپ تیار

حیدرآباد ۔ 15جنوری ( سیاست نیوز) اب جبکہ موسم گرما چند مہینے ہی دور ہے اور شہر میں پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ( ایچ ایم ڈبلیو ایس اینڈ ایس بی ) نے کئی ایک اقدامات کئے ہیں ۔ ان میں واٹر ٹینکر سے پانی ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچنے کے دوران ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے اسمارٹ میٹرس نصب کرنے کے علاوہ اسمارٹ فونس کے ایپس استعمال کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ذرائع کے بموجب واٹر ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی منتقلی اور اس دوران پانی جو غیر ضروری طور پر ضائع ہوتا ہے اس کی حفاظت کیلئے اسمارٹ میٹرس نصب کئے جائیں گے جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ واٹر ٹینکرس کی گنجائش کے اعتبار اس میں پانی بھرا جائے گا اور زیادہ پانی کو ٹینکرس سے باہر جانے سے روکا جاسکے ، کیونکہ اسمارٹ میٹرس ٹینکرس میں پانی کی گنجائش کے اعتبار سے اس میں پانی بھر جانے کے بعد اس کی نشاندہی کریں گے ۔ علاوہ ازیں موبائیل ایپ جو کہ خاص اس کام کیلئے تیار کیا گیا ہے اس سے واٹر ٹینکرس میں گنجائش کے اعتبار سے پانی بھرنے کے علاوہ اس ایپ کے ذریعہ واٹر ٹینکرس کی بکنگ کی جائے گی جس طرح ’ اولا ایپ ‘ کے ذریعہ ٹیکسی بک کی جاتی ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ واٹر ٹینکرس سے پانی کے ایک مقام سے دوسرے مقام منتقلی کے وقت پانی بہت ضائع ہوتا ہے جس میں ٹینکرس کے بھرجانے کے بعد اچانک پانی نیچے بہہ جانا ، جس ٹینک سے ٹینکرس میں پانی بھرا جاتا ہے اس کے نل سے گنجائش سے زیادہ پانی کابہاؤ بھی پانی ضائع کرنے کے عوامل میں شامل ہیں ۔ لہذا اسمارٹ میٹرس کے ذریعہ ان خامیوں پر قابو پایا جائے گا ۔