پانی کی سربراہی پر چیف سکریٹری شانتی کماری کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد: 27 فروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ موسم گرما کی آمد کے پیش نظر پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2021-22 اور 2022-23ء میں معمول سے کم بارش کے نتیجہ میں پانی کی سربراہی میں کوئی دشواری نہ رہی۔ لہٰذا ضلع کلکٹرس شہری اور دیہی علاقوں میں پانی کی سربراہی کیلئے ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذخائر آب کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سربراہی کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے میونسپل کمشنرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ ایسے علاقوں کا احاطہ کیا جائے جہاں سربراہی میں دشواری ہو۔ ہر گرام پنچایت اور میونسپلٹی میں ضرورت کے مطابق بورویلس کا انتظام کیا جائے اور موجودہ ناکارہ بورویلس کو درست کیا جائے۔ مشن بھگیرتا کے تمام ذخائر آب میں پانی کی برقراری یقینی بنانا چاہئے۔ محکمہ موسمیات نے جاریہ سال موسم گرما میں شدت کی پیش قیاسی کی ہے۔ چیف سکریٹری نے تمام ضروری کاموں کو جاریہ ماہ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔1