پاکستانی فضائی حدود کی تمام پروازوں کیلئے ساڑھے چار ماہ بعد کشادگی

   

l پاکستانی شہری ہوا بازی کے حکام کا اعلان l ایرانڈیا کو 491 کروڑ روپئے کا
نقصان، دیگر خانگی ایئرلائنز کو بھی خسارہ l معمول کی پروازیں ایک بار پھر سرگرم

اسلام آباد ؍ نئی دہلی ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوپاک کے درمیان منگل سے معمول کے فضائی ٹریفک آپریشن کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔ ساڑھے چار ماہ قبل بالاکوٹ میں ہندوستان کے فضائی حملوں کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کردی تھیں تاہم اب تمام سیویلین پروازوں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہے۔ دریں اثناء سرکاری ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کے شہری ہوا بازی حکام نے ایئرمین کو ایک نوٹس جاری کی ہے جس میں یہ وضاحت کی گئی ہیکہ ملک کی فضائی حدود کو فوری اثر کے ساتھ کھولا جارہا ہے اور یہ حدود تمام نوعیت کی پروازوں کیلئے کھولی جارہی ہے جس کے بعد ہندوستان نے بھی یہ اعلان کردیا کہ ہندوپاک کے درمیان معمول کی پروازیں دوبارہ شروع کی جارہی ہیں۔ پاکستان کے NOTAM جاری کرنے کے بعد ہندوستان نے بھی جوابی اقدامات کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اب تک جن پروازوں کو بند کردیا گیا تھا انہیں دوبارہ شروع کیا جارہا ہے جس سے عوام نے سکون کا سانس لیا ہے اورہندوستان کی اہم ترین انڈین ایرلائنز کیلئے بھی راحت کی خبر ہے کیونکہ پروازوں پر عائد پابندیوں کی وجہ سے اسے 491 کروڑ روپئے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے کے بعد ایرانڈیا کو اپنی مختلف بین الاقوامی پروازوں کی اوقات اور راستوں کو تبدیل کرنا پڑا تھا۔

منگل کے روز دوپہر 12.41 بجے پاکستان نے تمام نوعیت کی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بحال کردی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس طرح اب انڈین ایئرلائن آپریٹرس پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنے معمول کے روٹس پر ایک بار پھر سرگرم ہوجائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود 26 فروری ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے بعد بند کردی تھی جبکہ یہ فضائی حملے قبل ازیں 14 فروری کو جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں کئے گئے دہشت گرد حملوں کے ردعمل کے طور پر کئے گئے تھے۔ ہندوستانی فضائیہ نے 31 مئی کو اعلان کیا تھا کہ بالاکوٹ فضائی حملوں کے بعد ہندوستانی فضائی حدود پر جو بھی عارضی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، انہیں ختم کردیا گیا ہے لیکن اس اعلان سے بیشتر کمرشیل پروازوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور وہ تمام حکومت پاکستان کی جانب سے اس کی (پاکستان) فضائی حدود پر عائد پابندی کے خاتمہ کے اعلان کا انتظار کررہے تھے جو بالآخر منگل کے روز کردیا گیا۔ ان فضائی حدود کی پابندیوں سے انڈین ایئرلائنز کو جہاں 491 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا وہیں دیگر خانگی ایئرلائنز جیسے اسپائس جیٹ، انڈیگو اور گوائیر کو بالترتیب 30.73 کروڑ، 25.1 کروڑ اور 2.1 کروڑ روپئے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ وزیر شہری ہوا بازی ہردیپ سنگھ پوری نے راجیہ سبھا میں 3 جولائی کے روز یہ اعداد و شمار پیش کئے۔