پاکستانی فوج پر خودکش حملہ ، 9 ہلاک ، 11 زخمی

   

نئی دہلی ۔ /17 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے علاقہ پلوامہ میں سی آر پی ایف جوانوں کے قافلے پر حملے کے تین دن بعد بلوچستان کے قریب پاکستانی فوجی قافلے پر ایک خودکش حملہ کیا گیا جس میں کم از کم 9 سپاہی ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ۔ اخبار بلوچستان پوسٹ کے مطابق بلوچ راجی الجوئی سنگر نے دعویٰ کیا ہے کہ تربت اور پنج گڑھ کے درمیان ہوئے اس حملے کیلئے وہ ذمہ داری قبول کرتا ہے ۔ یہ علاقہ چین ، پاکستان معاشی راہداری کی روٹ والا علاقہ ہے ۔ یہ حملہ سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ سے چند گھنٹوں قبل کیا گیا ۔بلوچ راجی جوئی سنگم کے نام سے مشہور تنظیم تین بلوچ موافق آزادی تنظیموں سے اتحاد رکھتی ہے ۔ اس کا دعویٰ ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے پاکستانی سکیورٹی فور سیس کی پٹرولنگ ٹیم پر حملہ کیا ہے ۔ اتوار کی صبح ایک کیمپ پر بھی حملہ کیا گیا ۔ یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب کہ برصغیر میں جموں و کشمیر میں خودکش حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ 20 سالہ نوجوان نے سی آر پی ایف کے قافلے پر دھماکو اشیاء سے لدی اپنی گاڑی گھسادی تھی ۔ پاکستانی سرزمین سے کام کرنے والی تنظیم جیش محمد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔