پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ مشقیں اختتام پذیر

   

ریاض ؍ اسلام آباد: سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دو ہفتوں پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی مشترکہ فوجی مشقیں پاکستان کے شمال مغربی پہاڑی مقام چراٹ میں اختتام پذیر ہوگئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشقیں البطار1 کا آغاز 22 اگست کو ہوا تھا۔ ان مشقوں میں پاکستانی اور رائل سعودی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مضبوط بنانا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔‘مشقوں میں مستقبل کے فوجی تعاون کیلیے باہمی شعبوں کے نشاندہی پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ ’مشقوں میں دونوں ملکوں کی خصوصی افواج کے ساتھ کمباٹ ایوی ایشن نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا‘۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور عسکری قیادت کے سینیئر افسران نے مشقوں کے آخری دن کی سرگرمیوں کا مشاہد کیا۔بیان کے مطابق مشقوں کا اختام فلائی پاسٹ کے ساتھ ہوا۔پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ برسوں کے دوران مسلسل مضبوط اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دیا ہے۔