پاکستان جنوبی افریقہ آج تیسرے ٹسٹ کا آغاز

   

جوہانسبرگ ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ کے لئے پاکستان نے نیا منصوبہ بنالیا ہے اور ٹیم دو آل راونڈرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، جبکہ شاہین آفریدی کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز کا تیسرا اور آخری ٹسٹ کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائیگا، سیریز میں کلین سوئپ کی شکست سے بچنے کے لیے مہمان ٹیم میں کئی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آل راونڈر فہیم اشرف اور شاداب خان کو یاسر شاہ اور فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی زخمی ہونے کے باعث جوہانسبرگ ٹسٹ میں حسن علی کی واپسی ہوگی۔ دوسری جانب پابندی کا شکار جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کی جگہ ڈین ایلگر ٹیم کی قیادت کریں گے۔کرکٹ جنوبی افریقہ نے فاف ڈوپلیسی کی جگہ ڈین ایلگر کو آخری میچ کے لئے کپتان مقرر کیا ہے۔ ٹسٹ میچ جمعے کو شروع ہوگا۔ بیٹسمین ایڈن مارک رام بھی زخمی ہیں اور میچ میں ان کی شرکت پر ہنوز سوالیہ نشان ہے۔