پاکستان میں قیدیوں کو عیدالفطر پر 30 روز کی معافی

   

اسلام آباد : اسلام ملک بھر کی جیلوں میں موجود قیدیوں کو عیدالفطر کے موقع پر سزا میں 30 روز کی معافی دی جائے گی۔ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے مسودہ منظوری کے لیے کابینہ کو بھجوادیا ہے۔آئین کے تحت صدر مملکت کو کسی بھی عدالت، ٹربیونل اور دیگر اتھارٹی کی جانب سے سنائی گئی سزا میں کمی، معافی یا معطلی کا اختیار حاصل ہے۔صدر مملکت اپنے اس اختیار کا وزیر اعظم کے مشورہ پر آرٹیکل 45 کے تحت استعمال کرتے ہیں۔ عہدیدار نے مختلف مدت کے لیے سزا کاٹنے والے قیدیوں کو معافی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 30 روز کی خصوصی معافی عمر قید کی سزا پانے والے مجرمان کو دی جائے گی تاہم قتل، جاسوسی، ریاست مخالف کارروائیوں، فرقہ واریت اور زنا کے جرائم میں سزا پانے والوں کو یہ معافی نہیں ملے گی۔سزا میں خصوصی معافی دیگر مجرمان کو بھی دی جائے گی تاہم قتل، جاسوسی، تخریب کاری، ریاست مخالف کارروائیوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث مجرمان اس کے اہل نہیں ہوں گے۔سزا میں 30 روز کی معافی ان قیدیوں کو دی جائیگی جو اپنی دو تہائی سزا مکمل کر چکے ہوں۔65 سال یا اس سے زائد عمر کے معمولی جرائم میں مرد قیدی رعایت کے مستحق ہوں گے جبکہ 60 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین بھی مستحق ہوں گی۔