پاکستان میں معاشی ایمرجنسی کی خبریں بے بنیاد :وزیر خزانہ

   

اسلام آباد : وزارت خزانہ نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں معاشی ایمرجنسی لگانے کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشی بہتری اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں جو کہ پاکستان کے قومی مفاد کے خلاف ہے۔وزارت خزانہ کی طرف کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر مبینہ معاشی ہنگامی تجاویز پر ایک غلط پیغام گردش کر رہا ہے فنانس ڈویڑن نہ صرف مذکورہ پیغام میں کیے گئے دعووں کی سختی سے تردید کرتا ہے بلکہ واشگاف طور پر اس کی تردید کرتا ہے اور یہ کہ معاشی ایمرجنسی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے اس پیغام کا مقصد ملک میں معاشی صورتحال کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا ہے اور اسے صرف وہی لوگ پھیلا سکتے ہیں جو پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے، معاشی مشکلات کے اس دور میں ایسے جھوٹے پیغامات گھڑھنا اور پھیلانا قومی مفاد کے خلاف ہے۔