پاکستان میں نمونیا سے مزید سات بچوں کی موت

   

اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نمونیا کے سبب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید سات معصوم بچوں کی موت ہوگئی ہے ۔ ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران نمونیا سے ایک بچہ جاں بحق ہوا۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں نمونیا کے 942 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ لاہور میں 212 نئے مریضوں میں نمونیا کی تصدیق ہوئی ہے ۔پنجاب میں نمونیا سے اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، صوبے میں رواں ماہ کے دوران نمونیا سے 244 اور لاہور میں 50 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔2 جنوری کو 14 بچے ، 25 جنوری کو 12، 26 جنوری کو 13 اور آج 27 جنوری کو نمونیا سے مزید 7 بچوں کی موت ہوچکی ہے ۔ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نمونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ رواں سال موسمِ سرما میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی اسموگ بھی ہے ۔