پاکستان نے راجناتھ سنگھ کا بیان مسترد کردیا

   

اسلام آباد ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستانی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے ہریانہ میں انتخابی ریلی کے دوران دیے گئے بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے کہ ہندوستانی وزیر دفاع ایک خودمختار ملک کو توڑنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری اس پر توجہ دے گی۔ساتھ ہی دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ راج ناتھ سنگھ کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔ ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہم انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بھی ان کے منفی بیانات کو مسترد کرتے ہیں، ہندوستان پہلے خود مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف دہائیوں سے جاری ریاستی دہشت گردی کو بند کرنے میں اپنی مدد کرے، اس کے ساتھ ساتھ بھارت، پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنا بھی بند کرے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ایک قائم شدہ طریقہ کار ہے کہ جب ہندوستان میں انتخابات ہوتے ہیں تو بی جے پی کی قیادت اپنے امیدواروں کی حمایت کے لیے پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکانے پر انحصار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ انتخابی فائدے کے لیے مقامی سیاست میں پاکستان کو گھسیٹنے کے بجائے بی جے پی کو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینا چاہیے۔ ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ ‘پاکستان اگر اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے تو ہندوستان اس کی مدد کرنے کو تیار ہے’، ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ’’اگر ضرورت پڑی تو ہندوستان اس سلسلے میں اپنی مسلح فورسز پاکستان بھیجے گا‘‘۔