پاکستان نے سہ رخی سیریز جیت لی

   


میزبان نیوزی لینڈ کو فائنل میں 5وکٹوں کی شکست
کرائسٹ چرچ ۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو5 وکٹ سے ہرا کر سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی، پاکستان نے 164 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اورکپتان بابر اعظم نے فائنل میچ جیتنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، جس کے بعد مڈل آرڈر نے بھی آج مداحوں کی شکایات دور کردیں۔ ٹیم کو پانچویں اوور میں پہلا نقصان بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں 29 رنز پر ہوا۔ وہ 15 رنز بنا کر بریس ویل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پرآنے والے بیٹر شان مسعود کچھ خاص نہ کرسکے اور 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ 11ویں اوور میں بریس ویل نے حاصل کی۔ محمد رضوان کو 12 ویں اوور میں ایش سودھی نے آؤٹ کیا، جو 34 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ جارحانہ بیٹنگ کرنے والے حیدر علی کو 16 ویں اوور میں ٹم ساوتھی نے آؤٹ کیا۔انہوں نے 31 رنز بنائے ۔ اگلے ہی اوور میں آصف علی 1 رن بنا کرکیوی فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کے محمد نواز 38 اور افتخار احمد 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد نوازکو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس مقابلے میں بھی محمد نواز کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا گھا اور انہوں نے مایوس نہیں کیا اور ٹیم کو اہم کامیابی دلوانے اننگز کھیلی ۔انہوں نے میچ میں ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔ میچ فنش کرنے کے بعد محمد نواز نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی مڈل آرڈر پر بیٹنگ کرتا ہوں۔ نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسول کو سیریزکا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں کیوی بیٹر فن ایلن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے پانچویں اوور میں حارث روف نے 14 رنز بنانے والے ڈیوڈ کونوئے کو بولڈ کیا جو اپنی مختصر اننگز میں کافی جارحانہ نظر آئے ۔ جس کے بعد محمد نواز نے 97 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے گلین فلپس کو 29 رنز پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ کروایا۔ پاکستان کے اسپن بولر شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے بیٹرکین ولیمسن کی اننگز کو 59 رنز پر روک لگوایا۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 19ویں اوور میں 158 کے اسکور پر چیپمین کی وکٹ حاصل کی۔ کیوی بیٹر25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے جمی نیشم کو 17 رنز پر رن آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر حارث رؤف نے اننگز کے آخری اوور میں ایش سود ھی کی وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 163 رنز بنائے۔ کرائسٹ چرچ میں سہ ملکی کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ پاکستانی ٹیم میں محمد حسنین کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کی شمولیت ہوئی۔