پاکستان کورونا متاثرین کی تعداد 54 ہزار ہوگئی ۔32 تازہ اموات

,

   

اسلام آباد 24 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 اموات کی اطلاع ملی ہے اس طرح اب تک یہاں کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد 1,133 تک جا پہونچی ہے ۔ وزارت صحت نے اتوا رکو یہ بات بتائی اور کہا کہ ملک میں جملہ متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کر 54,601 ہوگئی ہے ۔ صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ متاثرین پائے جاتے ہیں۔ یہاں 21,645 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر صوبہ پنجاب ہے جہاں متاثرین کی تعداد 19,557 ہے ۔ خیبر پختونخواہ میں 7,685 متاثرین ہیں۔ بلوچستان میں 3,306 اور اسلام آباد میں 1,592 متاثرین ہیں۔ گلگت بالٹستان اور مقبوضہ کشمیر میں بھی کورونا کے متاثرین پائے جاتے ہیں۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اب تک وہاں 17,198 متاثرین علاج کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 473,607 افراد کے کورونا معائنے کئے گئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12,915 افراد کے معائنے ہوئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عید کے موقع پر سماجی دوریاں برقرار رکھنے اور عید کی نماز کی ادائیگی کے سلسلہ میں بھی سخت تحدیدات کا اعلان کیا تھا اور عوام کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ عید کے موقع پر رشتہ داروں سے ملاقاتیں کرنے یا پھر دعوتیں کرنے سے گریز کریں۔ آج عید کے موقع پر نمازیں کھلے میدانوں ‘ مساجد اور عیدگاہوں میں ادا کی گئیں اور یہاں سرکاری ہدایات کا پاس و لحاظ رکھا گیا ۔ وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی معاون برائے صحت ظفر مرزا نے آج کہا کہ اگر احتیاط کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا تو کورونا متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جائیگا ۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے گذتشہ دنوں ملک بھر میں لاک ڈاون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم کچھ تحدیدات سماجی دوریوں کے سلسلہ میں برقرار رکھی گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے باوجود لاک ڈاون کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔