پاکستان کو ایسا دھکا دیا جائے کہ اس کا نام و نشان مٹ جائے: ادھو

   

بی جے پی کے انتخابی منشور کی ستائش ۔ اوسہ میں ریلی سے شیوسینا کے سربراہ کا خطاب

اوسہ ( مہاراشٹرا ) 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ پاکستان کو ایسا نقصان پہونچائیں کہ اس کا کچھ بھی باقی نہ رہ سکے اور وہ ہندوستان سے الجھنے نہ پائے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کے منشور کا خیر مقدم بھی کیا ہے ۔ ادھو ٹھاکرے اور مودی کی یہ دونوں جماعتوں کے مابین انتخابی مفاہمت کے بعد پہلی مشترکہ انتخابی ریلی تھی ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کے منشور میں جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے لوک سبھا چناو سے قبل اتحاد کیا ہے ۔ اپنے منشور میں بی جے پی نے رام مندر کی تعمیر کے وعدے کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ دستور کے دفعہ 370 کو بھی حذف کریگی ۔ پارٹی نے اقتدار ملنے پر کسانوں کیلئے مختلف فلاحی اسکیمات کا بھی اعلان کیا ہے ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ ہماری حکومت پاکستان کو سبق سکھانے کی صرف باتیں نہیں کرتی ۔ وزیر اعظم سے ہی فی الحال امید ہے کہ وہ پاکستان کو ایسا دھکا پہونچائیں گے کہ اس کا کچھ بھی باقی نہیں رہے گا کہ وہ ہندوستان سے الجھ سکے ۔ ٹھاکرے نے کانگریس پر تنقید بھی کی جس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کا انتخابی منشور در اصل 2014 کے انتخابی وعدوں کا اعادہ ہی ہے ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ یہ کانگریس کا منشور ہے جو جھوٹ سے بھرا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کی نیائے اسکیم پر بھی تنقید کی جس کے ذریعہ پارٹی نے غریب خاندانوں کو سالانہ 72,000 روپئے کی آمدنی کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کا نعرہ راہول گاندھی کی دادی اندرا گاندھی نے دیا تھا ۔ آپ کی غربت تو ختم ہوگئی لیکن جب غریب عوام کی غربت دور ہوگی تو وہ کام ہم کرینگے ۔