شارجہ ۔ ایشیا کپ 2022 کے افتتاحی مقابلے میں ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کو کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی ضروری ہے اور وہ ہانگ کانگ کوشکست دیکر ایونٹ کے دوسرے مرحلے سوپر 4 میں ہندوستان کے ساتھ رسائی حاصل کرسکتا ہے اور کسی بھی حیران کن نتیجہ کی شکل میں اسے گھر لوٹنا پڑے گا ۔ ہانگ کانگ کے خلاف اہم مقابلے سے قبل پاکستانی خیمہ میں ایک خوش حبری ہے ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز حارث روف اور نسیم شاہ کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے فٹ قرار دے دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کہا جا رہا تھا کہ فٹنس مسائل کے باعث ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں حارث روف اور نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین اور حسن علی کو ٹیم میں شام کیا جا سکتا ہے۔لیکن حارث روف اور نسیم شاہ کو کچھ دن آرام کروانے کے بعد اب میچ کے لیے مکمل فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ٹیم حکام نے کہا ہے کہ فاسٹ بولروں کا زخم سنجیدہ نوعیت کا نہیں تھا، گزشتہ روز دونوں بولرز نے ٹریننگ سیشن کے دوران بولنگ کی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں اتوار کو ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے افتتاحی میچ میں حارث روف اور نسیم شاہ کو بولنگ کرنے میں تکلیف پیش آئی تھی۔جمعہ کو شارجہ کی تاریخی میدان میں ہانگ کانگ کے خلاف یہ دونوں بولروں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ہانگ کانگ کے خلاف مقابلے کی اہمیت کا انداز اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ٹریننگ سیشن کے دوران تمام تر توجہ میں کچھ تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ ایشیا کپ کے ٹریننگ سیشنز متحدہ عرب امارات کے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی گراونڈ میں ہورہے ہیں، ان ٹریننگ سیشنز میں کپتان بابراعظم میں تھوڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ بابر اعظم ٹریننگ سیشنز میں پاور ہٹنگ کے لیے الگ نیٹ پر بہت دیر ٹریننگ کرتے نظر آئے ہیں۔ ٹریننگ سیشنز میں بابر اعظم کے ہمراہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینجر منصور رانا بھی موجود تھے ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان 2 گھنٹے کے ٹریننگ سیشن میں سوا گھنٹہ سینٹر اور سائیڈ پریکٹس پچز پر بھر پور پریکٹس کرتے نظر آئے ہیں۔ ان ٹریننگ سیشنز کے دوران یہ دیکھا گیا ہے کہ بابر اعظم پاور ہٹنگ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور وہ بڑی شاٹس کی اہمیت کو سمجھنے لگے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی محسوس کیا گیا ہے کہ کپتان بابرکا بولنگ کا شوق بھی بڑھنے لگا ہے۔ تاہم بابر اعظم کا بولنگ کرنا کوئی نئی بات نہیں لیکن ابھی وہ اسپنرزکے نیٹ پر لگ بھگ 45 منٹ تک بولنگ کرتے نظر آئے ہیں۔ ہانگ کانگ کے خلاف اہم مقابلے کے ضمن میں ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہانگ کانگ کو ہلکا نہیں لینا چاہئے۔ جشن کرکٹ میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے اگلے میچ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ہانگ کانگ کے خلاف میں سمجھتا ہوں حیدر علی کو موقع ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خوش دل اور آصف پر جوکھم لینا چاہئے۔ شعیب ملک کی طرح کا کوئی کھلاڑی ہوتا تو اچھا ہوتا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو پہلے میچ میں ہندوستان نے شکست دی تھی جبکہ پاکستان اپنا اگلا میچ کل ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا اور اسے اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنا اشد ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ اسے ایک بہتر اسکور بنانا بھی لازم ہے کیونکہ گزشتہ مقابلے میں ہندوستان کے خلاف ہانگ کانگ نے ہمالیائی اسکور 193 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز اسکور کئے ہیں ۔ پاکستان صرف 150 یا 160 رنز اسکور کرتے ہوئے خود کو محفوظ تصور نہیں کرسکتا ۔