پاک۔ افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعاتروکے جائیں، شہباز شریف

   

اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت سے مطالبات کیا ہے کہ سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات روکے جائیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم نے گزشتہ روز چمن بارڈر پر افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے کئی پاکستانیوں کی شہادت اور ایک درجن سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے بلوچستان کے شہر چمن میں5 شہری شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اطلاع دی تھی کہ افغان سرحدی قوتوں نے شہری آبادی پر توپ خانے اور مارٹر سمیت بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی ہے۔