پبلک ریلیشن کونسل آف انڈیا کی 20 ویں یوم تاسیس تقاریب

   

ریٹائرڈ آئی اے ایس اجئے مشرا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) پبلک ریلیشن کونسل آف انڈیا کی 20 ویں یوم تاسیس تقاریب کا حیدرآباد میں انعقاد عمل میں آیا۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار اور صدرنشین انڈین ریڈ کراس سوسائٹی اجئے مشرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ریلیشن کونسل آف انڈیا کی 20 ویں یوم تاسیس تقاریب پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تعلقات عامہ کے فروغ پر غور کرنے اور مستقبل میں پبلک ریلیشن کے زمرہ میں مزید اصلاحات میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کونسل کی خدمات کو سراہا۔ ایمیریٹس کے چیرمین ایم بی جئے رام نے کہا کہ 20 واں یوم تاسیس کونسل کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات عامہ کے شعبہ میں کونسل نے کئی ماہرین کو تیار کیا ہے۔ محترمہ گیتا شنکر اور جئے رام نے تقریب کے انعقاد پر شکیل احمد صدرنشین پبلک ریلیشن کونسل آف انڈیا حیدرآباد چاپٹر کو مبارکباد پیش کی۔ کونسل کے دیگر عہدیداروں کی خدمات کی ستائش کی گئی ۔ اس موقع پر تعلقات عامہ کے شعبہ سے وابستہ ممتاز شخصیتوں میں ایوارڈس تقسیم کئے گئے جن میں فاضل حسین پرویز ، کے آر پی ریڈی (ساکشی) ، سی ایچ راکیش (ساؤتھ سنٹرل ریلوے) ، انوچ گروارا (گلوکار)، جئے پرکاش (جنرل مینجر این ایم ڈی سی) ، انورداھا کشور (جنرل مینجر آر کے سوامی میڈیا گروپ) ، ہیمنت اگروال (اسوسی ایٹیڈ اڈوارٹائزنگ) ، منجو لتا کلا نیدھی (صحافی) اور ڈاکٹر وائی ناگیشور راؤ (چیف آف بیورو وارتا تلگو ڈیلی) شامل ہیں۔ اس موقع پر میگزین کا خصوصی ایڈیشن جاری کیا گیا ۔ یوم تاسیس تقاریب کے انعقاد میں کونسل کے عہدیداروں جیکب راس ، مائیکل رویندر ، رابن نول، پرکاش جین ، جی ایس جین ، اپرنا اور دوسروں نے اہم رول ادا کیا ۔ 1