پدما راؤ گوڑ کا بحیثیت ڈپٹی اسپیکر انتخاب یقینی

   

حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ کیلئے ٹی آر ایس امیدوار پدما راؤ گوڑ نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ اس موقع پر پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ، ٹی سرینواس یادو، پرشانت ریڈی، کانگریس رکن سریدھر بابو، مجلس کے رکن احمد بلعلہ، بی جے پی رکن راجہ سنگھ اور ٹی آر ایس رکن ونئے بھاسکر موجود تھے۔ اسمبلی سکریٹری نرسمہا چاریلو کو کاغذات نامزدگی حوالے کئے گئے۔ اس طرح پدما راؤ گوڑ کا متفقہ انتخاب یقینی ہوچکا ہے۔ کانگریس اور دیگر تمام جماعتوں نے امیدواری کی تائید کی ہے۔ اس عہدہ کیلئے صرف ایک پرچہ نامزدگی داخل ہوا لہذا پیر کے دن اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔پدما راؤ گوڑ کے سی آر کی پہلی کابینہ میں وزیر اکسائیز کی حیثیت سے شامل کئے گئے تھے جبکہ دوسری میعاد میں انہیں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ دیا گیا ہے۔ پہلی میعاد کی ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی اگرچہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئیں لیکن انہیں تاحال کوئی عہدہ نہیں دیا گیا ہے۔ حیدرآباد سے 3 اہم عہدے دیئے جاچکے ہیں۔ وزیر داخلہ محمود علی، وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو کے بعد پدما راؤ گوڑ ڈپٹی اسپیکر کے اہم عہدہ پر فائز کئے گئے۔