نئی دہلی۔ 30 اگست : ( پریس نوٹ ) ۔ جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر افشار عالم کی تجویز پراکیڈمک کونسل کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اپنی میٹنگ منعقدہ 21 مارچ 2023 میں مشہور معلم اور دانشور پدم شری پروفیسر اخترالواسع کو اسلامک اسٹڈیز میں ایڈجنکٹ پروفیسر نامزد کیا ہے۔ آج جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر نے پروفیسر اخترالواسع کو آفس آرڈر کی کاپی پیش کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر ایم اے سکندر اور کنٹرولر آف ایگزامنیشن جناب ایس ایس اختر موجود تھے۔ پروفیسر اخترالواسع نے جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر افشار عالم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ہمدرد سے ان کی بحیثیت ایڈجنکٹ پروفیسر وابستگی انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکیم عبدالحمید صاحب نے ایک ایسے وقت میں دہلی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی بنیاد رکھی تھی جب دہلی میں اس طرح کا کوئی ادارہ نہیں تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمدرد سے اسلامک اسٹڈیز کا جو جرنل نکلتا تھا، اس کی اپنی علمی اہمیت تھی۔ یاد رہے کہ پروفیسر اخترالواسع 1980 ء میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے وابستہ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 1991 میں وہ جنرل سلیکشن کمیٹی سے اسلامک اسٹڈیز کے ملک بھر میں سب سے کم عمر پروفیسر مقرر کیے گئے۔ اس کے علاوہ انھوں نے عارضی طور پر اپنی مادرِ علمی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بھی کچھ مہینوں کے لیے تدریسی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس وقت پروفیسر اخترالواسع جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں پروفیسر ایمریٹس ہیں۔ یہاں یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ پروفیسر ایمریٹس اور ایڈجنکٹ پروفیسر اسلامک اسٹڈیز میں ابھی تک صرف پروفیسر اخترالواسع کو ہی ان اعزازات سے سرفراز کیا گیا ہے۔