پرانا پل کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی تجویز

   

ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی اور مرمتی کام شروع کرنے پر غور
حیدرآباد۔25 نومبر(سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے پرانا پل کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور جلد ہی پرانا پل پر موجود تمام قبضہ جات کو برخواست کرواتے ہوئے پل کے مرمتی کامو ںکا آغاز کردیا جائے گا۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں اس بات کا اعلان کیا کہ جلد ہی پرانا پل کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ کاروان اور گولکنڈہ کے علاقوں کو چارمینار سے جوڑنے والے اس قدیم پل کی تاریخی اہمیت ہے اور یہ پل 1578 میں تعمیر کیا گیا ہے۔ پرانا پل کی ترقی اور اس کے تحفظ کے اقدامات کے طور پر مسٹر جی کشن راؤ آئی اے ایس ریٹائرڈ نے سال 2002 میں پرانے پل کو ’’پیارانہ پل‘‘ میں تبدیل کرتے ہوئے اس کی آہک پاشی کی تھی اور اس پل پر جوڑوں کی چہل قدمی کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر آندھراپردیش محکمہ سیاحت کی جانب سے خصوصی پروگرام رکھا گیا تھا لیکن چند یوم بعد دوبارہ پرانا پل پر قبضوں کا سلسلہ شروع ہوگیا لیکن اب ایک مرتبہ پھر سے محکمہ بلدی نظم ونسق نے اس تاریخی پل کے تحفظ کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔600 فیٹ طویل ‘ 35فیٹ چوڑے اور ندی کی سطح سے 54 فیٹ اونچائی پر تعمیر کئے گئے اس پل میں مجموعی طور پر 22 کمانیں ہیں جہاں سے پانی کے بہاؤ کے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ عالمی یوم سیاحت 2002 کے موقع پر اس قدیم پل کی رونق کو بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے لیکن ان اقدامات کے باوجود وہ برقرار نہیں رکھے جاسکے کیونکہ اس قدیم برج پر ترکاری فروشوں کے علاوہ میوہ فروشوں کی جانب سے مکمل طور پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔ مسٹر اروند کمار نے بتایا کہ پرانا پل کے آہک پاشی اور اس کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھنے کے اقدامات جلد شروع کئے جائیں گے اور شہر حیدرآباد کے تاریخی اہمیت کے حامل ورثہ کے تحفظ میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسٹر اروند کمار نے اس سلسلہ میں محکمہ آثارقدیمہ کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو روانہ کردہ مکتوب میں پرانا پل کے تحفظ اور اس کی خوبصورتی کی برقراری کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے جلد سے جلد انہیں منصوبہ روانہ کیا جائے تاکہ ان کاموں کا آغاز ہوسکے۔م