پرانی پنشن کی بحالی، کنٹریکٹ پریکٹس کوختم کرنے بجٹ اجلاس میں ملازمین پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کریں گے

   

چنڈی گڑھ : مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ملازمین بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں پرانی پنشن کی بحالی، کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے ، عوامی خدمات کو بچانے وغیرہ کے مطالبے پر زور دینے کے لئے بڑے پیمانے پر دھرنا دیں گے ۔آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر سبھاش لامبا نے آج یہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملازمین کی مسلسل جدوجہد کے باوجود مرکزی اور ریاستی حکومتیں پنشن فنڈ ریگولیٹری ڈیولپمنٹ ایکٹ ( پی ایف آر ڈی اے ) کو منسوخ کرنے اور پرانی پنشن کو بحال کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف محکموں میں 10 سے 15 سال سے کام کرنے والے آؤٹ سورس، کنٹریکٹ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے پالیسی بنانے کے بجائے نوجوانوں کو تاحیات کنٹریکٹ پر رکھنے کی پالیسی پرکام کر رہی ہے ، جہاں انہیں ‘ایک جیسا کام’ اور نہ ہی ایک جیسی تنخواہ مل رہی ہے اور نہ ہی کوئی سروس سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ نو لبرلائزیشن کی پالیسیوں کو تیزی سے نافذ کرتے ہوئے پبلک سروس ڈیپارٹمنٹس اور پبلک انٹرپرائزز کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن اور کنفیڈریشن آف سینٹرل گورنمنٹ ایمپلائز اینڈ ورکرس نے مشترکہ طور پر مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔