سخت صیانتی انتظامات، پولیس کمشنر کا اہلیہ کے ساتھ مندر کا دورہ
حیدرآباد۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں بونال جلوس کا پرامن اختتام عمل میں آیا۔ کل پوتراج کے معاملہ میں دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپ کے بعد آج ساوتھ زون پولیس میں چوکسی بڑھا دی گئی تھی۔ زائد پولیس فورس کو طلب کرلیا گیا تھا۔ اکنامادنا مندر سے بونال جلوس کو روایتی ہاتھی پر نکالا گیا جبکہ اس مرکزی جلوس میں پرانے شہر کے دیگر علاقوں سے چھوٹے جلوس شامل ہوئے۔ ناگل چنتا، لعل دروازہ، شاہ علی بنڈہ، چارمینا، گلزار حوض، پتھر گٹی سے ہوتا ہوا جلوس نیاپل پہنچا جہاں جلوس کا اختتام عمل میں آیا۔ جلوس کے موقع پر سٹی پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جلوس پر سخت نظر رکھی گئی تھی۔ نیم فوجی دستوں کے علاوہ سادہ لباس میں پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا تھا۔ خواتین کی اکثریت کی شرکت کے پیش نظر شی ٹیموں کو بھی چوکس کیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون پولیس سائی چتنیہ نے پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور جلوس کی نگرانی کررہے تھے۔ پرانے شہر میں بونال جلوس کے موقع پر سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہری باؤلی اکنامادنا مندر پہنچے اور جلوس کو جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر کمشنر پولیس نے جلوس کی تاریخی حیثیت کو بیان کیا۔ جلوس کے دوران عوامی سہولیات کے لئے سٹی پولیس کے علاوہ مختلف سرکاری محکمہ جات سرگرم رہے۔ پرانے شہر میں اعلیٰ پولیس عہدیدار جلوس اور انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ ع