کانگریس حکومت ترقی میں سنجیدہ ، کانگریس قائد نرنجن کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ (سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے گزشتہ 7 برسوں کے طویل انتظار کے بعد پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے کاموں کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے۔ جی نرنجن نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے میٹرو ٹرین پراجکٹ کی تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے شیوراتری کے مقدس دن سنگ بنیاد کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی تشکیل کے تین ماہ میں پرانے شہر کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی کو نظر انداز کرنے کی طویل عرصہ سے شکایت کی جارہی تھی۔ سابق بی آر ایس حکومت نے پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کے آغاز پر کوئی توجہ نہیں دی۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پرانے شہر کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کا ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کے کاموں کے آغاز سے ثابت ہوتا ہے کہ کانگریس پارٹی پرانے شہر کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ آنجہانی ٹی انجیا کے دور میں قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی قائم کی گئی تاکہ پرانے شہر کی ترقی کے جامع منصوبہ پر عمل آوری ہو۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے پرانے شہر میں 2000 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجلسی قائدین رکاوٹ پیدا نہ کرتے تو کانگریس حکومت پرانے شہر کی ترقی کو یقینی بناتی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں 2000 کروڑ سے میٹرو ٹرین پراجکٹ کی تکمیل کیلئے حکومت ہر ممکن مساعی کرے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پرانے شہر کے عوام ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کے منتظر ہیں۔ 1