پرانے شہر میں ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے بائیں بازو تنظیموں کا دھرنا

   

زونل کمشنر کو یادداشت کی پیشکشی، 40 ہزار مکانات کی تعمیر ادھوری

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) بائیں بازو کی مختلف تنظیموں نے غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ساؤتھ زون دفتر کے روبرو آج دھرنا دیا جس میں غریب خاندانوں کی سینکڑوں خواتین نے حصہ لیا۔ پرانے شہر میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کے وعدہ پر عمل آوری کی مانگ کی گئی۔ قائدین نے زونل کمشنر سمراٹ اشوک کو یادداشت حوالے کی جس میں پرانے شہر کے علاقوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تنظیم آواز کے علاوہ رضاکارانہ تنظیم پٹنم ، ٹرائیبل آرگنائزیشن ، ڈی وائی ایف آئی اور دیگر تنظیموں کے قائدین نے احتجاجیوں سے خطاب کیا۔ تنظیم پٹنم کے ریاستی سکریٹری جی نرسمہا راؤ نے کہا کہ حکومت نے پرانے شہر میں غریب اور مستحق خاندانوں کو ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کا وعدہ کیا تھا لیکن صرف چند ایک مکانات الاٹ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ غریبوں کو مکانات کی فراہمی کے بارے میں بلند بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن پرانے شہر کو نظرانداز کردیا گیا۔ ان تنظیموں نے انتباہ دیا کہ اگر ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ میں تاخیر کی گئی تو بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 40 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر ادھوری ہے اور ان میں جانوروں کا بسیرا ہے۔ حکومت فوری توجہ نہ دے تو بائیں بازو کی تنظیمیں ان مکانات کو تحویل میں لے کر غریبوں کو الاٹ کردیں گی۔ تنظیم آواز کے ریاستی سکریٹری محمد عباس نے کہا کہ مکانات کے الاٹمنٹ میں مقامی عوامی نمائندوں کی من مانی اور رشوت خوری کی شکایتیں عام ہیں۔ غریب مہنگائی کے سبب مکانات کا کرایہ ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ دھرنا میں آواز کے سٹی سکریٹری عبدالستار، خواتین کی تنظیم کی سکریٹری ششی کلا، تنظیم پٹنم کے کنوینر کوٹیا، سی آئی ٹی یو کے سٹی سکریٹری ناگیشور، ڈی وائی ایف آئی کے سٹی سکریٹری کرشنا کے علاوہ بابر خان، عبداللطیف، سید علیم، غلام نصیر، سید ابراہیم، محمد فہیم، افضل بیگم، محمد انور خاں، اختر بیگم اور دوسروں نے حصہ لیا۔ زونل کمشنر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ کیلئے جلد اقدامات کا وعدہ کیا۔ر