پرجا وانی پروگرام میں ہزاروں افراد مسائل کے ساتھ رجوع

   

بیگم پیٹ علاقہ میں ٹریفک میں خلل،ہفتہ میں دو دن عوامی شکایات کی وصولی
حیدرآباد 15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابقہ پرگتی بھون اور موجودہ جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون میں آج بھی پرجا وانی پروگرام منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل پیش کئے ۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن رونالڈ راس ، کمشنر آیوش ہری چندن اور کلکٹر حیدرآباد انودیپ نے پرجا وانی پروگرام میں حصہ لیا اور عوامی مسائل کی سماعت کی۔ عوام سے تحریری درخواستیں حاصل کی گئیں۔ حکومت کی جانب سے پرجا بھون میں پینے کے پانی اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ منگل کے دن پرجا وانی پروگرام دوبارہ منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے سابقہ پرگتی بھون کو عوام کیلئے کھول دینے کا اعلان کرتے ہوئے پرجا دربار کا آغاز کیا جس میں حیدرآباد اور ریاست کے دیگر اضلاع سے کثیر تعداد میں عوام اپنے مسائل کے ساتھ پہنچ رہے ہیں۔ بیگم پیٹ میں واقع پرجا بھون میں عوام کی کثیر تعداد کے نتیجہ میں طویل قطاریں سڑک پر دیکھی گئیں جس کے نتیجہ میں ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ پرجا بھون سے جی آرٹی شوروم تک قطار دیکھی گئی ۔ صبح 10 بجے سے ہی عوام پرجا بھون پہنچنے لگے۔ پولیس کو ٹریفک بحال کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ابتداء میں چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے عوام سے ملاقات کی ، بعد میں ریاستی وزراء کو ذمہ داری دی گئی ۔ آج کے پرجا وانی میں صرف عہدیدار شریک تھے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کیلئے اڈوائزری جاری کی گئی جس میں متبادل راستے اختیار کرنے کی خواہش کی گئی۔ پرجا وانی صبح 10 تا دوپہر ایک بجے تک روزانہ منگل اور جمعہ کو منعقد ہوتا ہے۔ وقت گزرنے کے باوجود بھی عوام کثیر تعداد میں موجود رہتے ہیں اور عہدیدار ان کی درخواستیں قبول کرتے ہیں۔