پرجا پالنا کے تحت ریاست بھر میں ایک کروڑ 25 لاکھ سے زائد درخواستوں کا ادخال

   

5 ضمانتوں کیلئے ایک کروڑ 5 لاکھ درخواستیں، گریٹر حیدرآباد میں 24 لاکھ سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں

حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے پرجا پالنا پروگرام کے تحت 6 ضمانتوں سے استفادہ کیلئے ریاست بھر میں ایک کروڑ 25 لاکھ 84 ہزار 383 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ریاست کے تمام گرام پنچایتوں اور میونسپل وارڈز میں حکومت کی جانب سے خصوصی کاؤنٹرس قائم کرتے ہوئے 28 ڈسمبر کو تحریری درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوا تھا جبکہ 6 جنوری درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ تھی۔ اگرچہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ختم ہوچکی ہے لیکن حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عوام ایم آر او اور ایم پی ڈی او دفاتر پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کیلئے ریاست بھر میں عوام کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا اور صورتحال کا فائدہ اٹھاکر درخواستیں مفت تقسیم کرنے کے بجائے بعض علاقوں میں فروخت کی گئیں۔ چھ ضمانتوں کے بارے میں عہدیداروں اور عوام کے درمیان بعض امور پر الجھن برقرار ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ 17 جنوری تک تمام درخواستوں کے ڈیٹا کو اَپ لوڈ کردیا جائے گا اس کے بعد عہدیدار شخصی طور پر درخواست گذاروں کی اہلیت کے بارے میں جانچ کریں گے۔ چیف سکریٹری کے مطابق پانچ ضمانتوں کیلئے آخری دن یعنی 6 جنوری کو 1253235 درخواستیں داخل کی گئیں اور جملہ ایک کروڑ 5 لاکھ 91 ہزار 363 درخواستیں داخل کی گئیں۔ دیگر اسکیمات کیلئے آخری دن 437043 درخواستیں داخل کی گئیں اور جملہ 1992747 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ دونوں درخواستوں کی جملہ تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ 84 ہزار 383 ہوتی ہیں۔ گرام پنچایتوں اور میونسپل وارڈز میں درخواستوں کی وصولی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ گریٹر حیدرآباد کے 7 زونس میں جملہ 24 لاکھ 74 ہزار 325 درخواستیں داخل کی گئیں۔ ایل بی نگر زون میں 316919 ، چارمینار 653795 ، خیریت آباد 427950 ، کوکٹ پلی 404746 ، شیر لنگم پلی 229355 ، سکندرآباد 391160 اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں 50400 درخواستیں داخل کی گئیں۔ گریٹر حیدرآباد کے 7 زونس میں ابھئے ہستم کے تحت 1901256 درخواستیں جبکہ دیگر اسکیمات کیلئے 573069 درخواستیں داخل کی گئیں۔ جملہ 2648521 خاندانوں کی جانب سے درخواستیں داخل کی گئیں۔1