’ پرلس اسکوائر‘ شہر میں خواتین کے لیے تفریحی جگہ

   

کئی سہولتوں کے ساتھ حیدرآباد میں اپنی نوعیت کے پہلے رسٹورنٹ کا ٹولی چوکی میں آغاز
حیدرآباد : مردوں کیلئے تو شہر میں کسی ایرانی ہوٹل میں بیٹھ کر چائے پیتے ہوئے دوستوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور گپ شپ کرنے کے مواقع ہوتے ہیں لیکن خواتین کیلئے ایسی جگہ نہیں ہے جہاں وہ مل بیٹھ کر آپس میں گفتگو کرسکیں ۔ لیکن اب شہر میں خواتین کیلئے یہ کمی ایک نئے کیفے ، ’’ پرلس اسکوائر‘‘ کے آغاز کے ساتھ دور ہوگئی ہے ۔ اس رسٹورنٹ کو خواتین کیلئے خواتین کی جانب سے چلایا جارہا ہے ۔ شہر میں خواتین کیلئے ایک تفریحی مرکز شروع کرنے والا پرلس اسکوائر حیدرآباد میں اپنی نوعیت کا پہلا رسٹورنٹ ہے جس میں کام کرنے والی تمام خواتین ہیں ۔ آدتیہ نگر کالونی ، ٹولی چوکی میں واقع اس منفرد رسٹور نٹ میں صرف خواتین اور دس سال سے کم عمر بچوں ہی کو داخلہ کی اجازت ہے ۔ اس رسٹورنٹ میں گرم اور ٹھنڈے مشروبات ، اسنیکس ، پانی پوری کی دستیابی کے ساتھ ان ڈورگیمس ، بوٹیک ، پارلر ، جم ، اسٹیم باتھ ، کمپارٹمنٹل شاپس ، لائبریری و اسٹیڈی روم ، کانفرنس روم ، ورکس اسٹیشن ، ٹیرس گارڈن اور کڈس زون جیسی سہولتیں دستیاب ہیں ۔ پرلس اسکوائر کی بانی عابدہ پروین نے یہ دیکھنے کے بعد کہ شہر میں خواتین کیلئے ایسی جگہ کی کمی ہے جہاں وہ ایک ساتھ جمع ہوکر آپس میں گفتگو کرسکیں اور ایک تفریحی انداز میں اپنا کچھ وقت گذار سکیں ۔ اس رسٹورنٹ کو قائم کیا ہے ۔ عابدہ پروین نے کہا کہ ’’یہ کیفے کام کی متلاشی خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بھی فراہم کررہا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے خواتین کی جانب سے چلائے جانے والے اس مرکز پر خواتین کی جانب سے کئے جانے والے بزنس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ۔ وہ خواتین ، جن پر ان کے بنائے ہوئے پراڈکٹس کو باہر لے جاکر فروخت کرنے پر پابندی ہوتی ہے ، انہیں یہاں فروخت کرسکتی ہیں ۔ اس کیفے پر صرف گھر پر تیار کئے گئے اسنیکس ہی کسٹمرس کو پیش کئے جاتے ہیں ۔ یہاں فروخت کئے جانے والے اسنیکس گھر کے بنے ہوئے ہوتے ہیں ۔ کوئی بھی اسنیکس تیار کرکے ہمارے کیفے میں فروخت کرسکتے ہیں ‘‘ ۔ ’’ اس پکے ہوم میڈ کیفے پر اب مشروبات ، اسنیکس ، پانی پوری اور دیگراشیاء پیش کئے جارہے ہیں اور آئندہ کبابس اور شورما بھی شروع کرنے کا پروگرام ہے ۔ یہ بہترین مقام ہے جانے کیلئے بالخصوص ان خواتین کیلئے جو پابندیوں میں رہتی ہیں ۔ اس کے علاوہ ہم یہاں کھل کر اپنی بات کرسکتے ہیں ۔ یہ بات اس رسٹورنٹ کی ایک کسٹمر ٹولی چوکی کی ثانیہ خان نے کہی ۔ ایک اور کسٹمر مریم نے کہا کہ ’’ایک آدمی کسی بھی جگہ جاسکتا ہے اور اپنے دوستوں ، ساتھیوں سے ملاقات اور گپ شپ کرسکتا ہے لیکن اس کیلئے خواتین کیلئے بمشکل ہی کوئی جگہ ہو ۔ لیکن اب یہ رسٹورنٹ شہر میں خواتین کیلئے ایک بہترین تفریحی جگہ ہے ۔ پرلس اسکوائر پر ممبر شپ کی بھی پیشکش کی جارہی ہے ۔ اس میں 10 سال سے کم عمر بچوں کیلئے ایک کڈس زون بھی ہے اور یہاں ہر اتوار کو ایک نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔