نئی دہلی : ملک میں فاسٹ فوڈ کے طور پر پراسیس شدہ یا منجمد گوشت کے استعمال میں اضافہ اور اس کے کینسر جیسی مہلک بیماری کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ایسے گوشت کے پیکٹوں پر ایک تصویری وارننگ چھاپی جانی ہے ۔ یہ مطالبہ آج ایوان بالا راجیہ سبھا میں کیا گیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے مہیش پودار نے یہ مطالبہ وقفہ صفر کے دوران کیا اور کہا کہ ملک میں اس طرح کے گوشت کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے جو کہ تشویشناک ہے کیونکہ اس کے استعمال سے امریکہ میں کینسر جیسی مہلک بیماری تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں فاسٹ فوڈ رٹیل چینز اس قسم کے گوشت کو بڑے پیمانے پر استعمال کر رہی ہیں اور ملک کے نوجوان بھی اس کی طرف بہت تیزی سے راغب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے گوشت سے ہونے والی بیماریوں کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔