حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون کا نام تبدیل کرتے ہوئے مہاتما جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکامات جاری کئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرگتی بھون کے سامنے لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پرگتی بھون کو عوام کیلئے کھول دیا۔ ہر جمعہ کو چیف منسٹر ’ پرجا دربار‘ میں عوامی مسائل کی سماعت کریں گے۔ ابتداء میں پرگتی بھون کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعد میں اسے مہاتما جیوتی راؤ پھولے کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے جہاں سابق چیف منسٹر کے دور میں عوام کا داخلہ نہیں تھا۔