حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے پرگتی بھون میں ان کی مبینہ توہین سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ۔ ایشور نے کہا کہ بعض گوشوں سے ان کے خلاف بے بنیاد مہم چلائی جارہی ہے۔ ایشور نے وضاحت نے کی کہ پرگتی بھون میں کل چیف منسٹر کی پریس کانفرنس پر وزراء اور ارکان اسمبلی کو علحدہ قطار میں بیٹھنے کی ہدایت دی گئی تھی، وہ غلطی سے ارکان اسمبلی کی قطار میں بیٹھ گئے جس پر چیف منسٹر نے انہیں وزراء کی صف میں آنے کی ہدایت دی۔ اس پر بی جے پی و کانگریس قائدین دلت وزیر کی توہین کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس و بی جے پی کو بے بنیاد بیانات سے گریز کرنا چاہئے ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ٹی آر ایس ایک خاندان ہے اور کے سی آر سربراہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہریش راؤ نے ان کیلئے اپنی کرسی پیش کی اور دلت وزیر کے احترام کا مظاہرہ کیا ۔ر