پرینکا قتل کے خلاف شادنگر میں خواتین کا احتجاجی مظاہرہ

   

شادنگر ۔ یکم ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ویٹرنری ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قتل کے خلاف شادنگر ٹاؤن میں مختلف سماجی تنظیموں سے وابستہ خواتین نے شادنگر ٹاؤن میں واقع چوراہا پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے موم بتی ریالی منظم کی ۔ ریالی میں شامل خواتین نے اپنے ہاتھوں میں ڈاکٹر پرینکا ریڈی کی فوٹو تھامے ہوئے احتجاج کیا ۔ ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قاتلوں کو جلد سے جلد کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بلندے کئے ۔ سماجی تنظیموں سے وابستہ خاتون ناگامنی ‘ سابقہ کونسلر محمودہ بیگم اور دیگر خواتین نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر آئے دن مختلف انداز میں ہراسانی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں ۔ اور درندہ صفت افراد خواتین کو اپنا نشانہ بناتے ہوئے خواتین کا قتل کر رہے ہیں ۔ خواتین اور لڑکیاں اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہی ہیں ۔ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومتیں ‘ پولیس ناکام ہوتی نظر آ رہی ہیں ۔ درندہ صفت افراد اپنی حوس کا شکار بنانے والے افراد کے خلاف سخت قانون فوری نافذ کرنے پر زور دیا ۔ ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے چار قاتلوں کو سزا موت دینے کا مطالبہ کیا ۔ پرینکا کے قتل کے واقعہ کو لیکر خواتین میں شدید غم و غصہ کی لہر چل رہی ہے ۔