پرینکا گاندھی 12 اکتوبر کو مجسمہ راجیو گاندھی کی نقاب کشائی انجام دیں گی

   

اپل اسٹیڈیم کے روبرو تنصیب، وی ہنمنت راؤ کی مساعی
حیدرآباد 23 ستمبر ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی 12 اکتوبر کو اپل میں واقع راجیو گاندھی اسٹیڈیم کے قریب آنجہانی راجیو گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیں گی ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی مساعی سے اسٹیڈیم کے روبرو آنجہانی قائد کا مجسمہ نصب کیا جارہا ہے۔ مجسمہ کی تنصیب کیلئے ہنمنت راؤ نے بھومی پوجا کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ وشواناتھن نے پرینکا گاندھی کے ہاتھوں نقاب کشائی سے اتفاق کیا ۔ وشواناتھن نے ہنمنت راؤ کے ہمراہ اسٹیڈیم کا معائنہ کیا اور مجسمہ کے مقام کا جائزہ لیا۔ پرینکا گاندھی کے علاوہ چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین شرکت کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ مجسمہ کی نقاب کشائی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی پرینکا گاندھی کو مدعو کریں گے۔ واضح رہے کہ ہنمنت راؤ نے پنجہ گٹہ پر بی آر ایس دور میں راجیو گاندھی کے مجسمہ کو نصب کرنے کی کوشش کی تھی لیکن حکومت نے اجازت نہیں دی تھی ۔ ہنمنت راؤ نے آنجہانی قائد کا ایک نیا مجسمہ تیار کرایا لیکن پولیس نے تحویل میں لے لیا تھا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد حکومت نے اپل اسٹیڈیم کے روبرو مجسمہ کی تنصیب سے اتفاق کیا۔ پرینکا گاندھی کو مدعو کرنے قائدین جلد دہلی کا دورہ کریں گے۔ اپل اسٹیڈیم میں بھومی پوجا کے موقع پر کانگریس کے انچارج ایم پرمیشور ریڈی ، سنگی ریڈی ہری وردھن ریڈی، افسر یوسف زئی اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے نمائندے موجود تھے۔ 1